اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ ایران کے ایک نامور عالم دین حجت الاسلام محمد باقر نے خبررساں ایجنسی شبستان کے نامہ نگار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا بعض روایات میں ہے کہ جو انسان ماہ مبارک رجب میں اعتکاف پر بیٹھتا ہے اس کے تمام گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔
انہوں نے اعتکاف کو انسان کا پروردگار کے ساتھ رابطہ قرار دیتے ہوئے کہا اعتکاف میں انسان دنیا اور دنیاوی امور سے رخ موڑ کر اپنے پروردگار کے ساتھ لو لگاتا ہے جس کے نتیجے میں انسان کو اپنے پروردگار کا قرب حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے مختلف دینی انحرافات اور آلودگیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں رہ کر انسان بہت سی روحانی آلودگیوں کا شکار ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا ان آلودگیوں سے چھٹکارا پانے کا واحد راستہ انسان کا اپنے پروردگار سے لو لگانا ہے۔ اس حوالے سے مومنین کے پاس ماہ مبارک رجب اور ماہ مبارک رمضان کا مہینہ کسی سنہری موقع سے کم نہیں ہے۔
حجت الاسلام محمد باقر نے کہا اس لئے کہ ان مقدس مہینوں میں انسان اپنے پروردگار کا قرب حاصل کرتے ہوئے اس کی خوشنودی حاصل کرلیتا ہے اور اعتکاف کے دوران اپنے پروردگار سے راشتہ مزید مضبوط کرتا ہے اور آئندہ ہر کام میں اس کے احکامات کی فرمانبرداری کا عہد کرتا ہے۔
.......
/169